بنگلورو،یکم مارچ (ایس او نیوز) ریاستی وزیراعلیٰ سدارامیا نے کل شب ریاستی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30فیصد اضافہ کے احکامات پر دستخط کردئے ۔ 7لاکھ سے زیادہ ملازمین کو اس کا فائدہ پہنچے گا۔ ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی کرنے کے لئے بٹھائے گئے 6ویں پے کمیشن نے ملازمین کی تنخواہ میں 30فیصد اضافہ کی سفارش کی تھی۔ وزیراعلیٰ سدارامیا نے اس سفارش کو قبول کرتے ہوئے30فیصد اضافہ کے آج احکامات جاری کردئے ہیں ۔ بروز ہفتہ 3مارچ کو منعقد ہورہے ریاستی کابینہ اجلاس میں اس حکم کی توثیق کریں گے ۔حکم میں کہاگیا ہے کہ اضافی تنخواہ کا اطلاق یکم جولائی2017 سے ہوگا۔ تازہ حکم نامہ میں حکومت نے نظرثانی سب سے زیادہ اور سب سے کم پنشن کابھی اعلان کیا ہے ۔موجودہ پنشن کی شرح4,800روپئے اور39,900روپئے ہے ۔ اب اضافی پنشن کم سے کم 8,500روپئے اور زیادہ سے زیادہ 75,300 روپئے ہوگی۔وزیراعلیٰ سدارامیا نے تنخواہ میں اضافہ کے احکامات پر دستخط کرکے ریاستی سرکار ی ملازمین کو ہولی تہوار کا بہت بڑا تحفہ دیا ہے ۔حال ہی میں وزیراعلیٰ سدارامیا نے ریاستی بجٹ میں ملازمین کی تنخواہ میں 30فیصد اضافہ کا اعلان کیاتھا۔ اس کے بعد منعقد ہونے والی ایک اخباری کانفرنس میں اس تعلق سے کئے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے پہلے وہ اضافی تنخواہ کے احکامات جاری کردیں گے ۔ کل شب ان احکامات پر دستخط کرکے وزیراعلیٰ سدارامیا نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے ۔